کراچی میں قتل و غارت جاری، ہلاکتیں 7 ہو گئیں

Karachi Killing

Karachi Killing

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں پرتشدد واقعات میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد اپنی جان سے گئے۔ رینجرز نے پٹیل پاڑہ سے 2 مبینہ ٹارگٹ کلر ز سمیت 9 افراد گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ شہر کراچی میں رمضان کے مقدس مہینے میں بھی مسلح افراد کی کارروائیاں روکی نہ جا سکیں بلدیہ ٹاون کی کچرا کنڈی سے دو افراد کی بوری بند لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ابولحسن اصفہانی روڈ پر مسلح افراد نے ایک شخص کو فائرنگ کر کے موت کے گھات اتار دیا، لانڈھی مظفرآباد کالونی اور گرومندر کے علاقے میں فائرنگ کرکے دو پولیس اہلکاروں کو قتل کردیا گیا۔ ماڑی پور دعا ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان نے ایک شخص کو ہلاک کر دیا۔

دوسری جانب پٹیل پاڑا میں الصبح رینجرز کے 300 سو اہلکاروں جن میں خواتین اہلکار بھی شامل تھی علاقے کو گھیرے میں لے کر ٹارگٹڈ آپریشن کیا ،رینجرز ذرائع کے مطابق آپریشن جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا ہے۔

آپریشن میں رینجرز نے مشہور ٹارگٹ کلر طارق عرف ڈان اور عاصم مرزا سمیت 9 افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ اس دوران بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔ آپریشن مکمل ہونے اور اہلکاروں کے جانے کے بعد ،مشتعل افراد نے ذرائع کے نمائندوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔