کراچی میں آپریشن ٹارگٹڈ ہو گا، کپتان وزیر اعلی سندھ ہونگے، چوہدری نثار

Ch Nisar

Ch Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خاننے کہا ہے کہ کراچی میں آپریشن ٹارگٹڈ ہو گا، پورا شہر لپیٹ میں نہیں آئے گا،ہم جو کرنے جارہے ہیں عدلیہ بھی اس میں معاونت کرے، قومی اسمبلی بیان دیتے ہو ئے چوہدری نثار نے کہا کہ تمام کارروائی کے کپتان وزیر اعلی سندھ ہی ہوں گے۔ وزیر اعظم منگل کو گورنر ہاوس کراچی میں اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرینگے۔

اجلاس میں گورنر اور وزیر اعلی سندھ سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کا موقف سنا جائیگا۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ فوج کو کراچی میں لانا سندھ حکومت کے مینڈیٹ کیخلاف اور فوج کیساتھ زیادتی ہے، حکومت کا موقف ہے کہ فوج تمام اسٹیک ہولڈز کے اتفاق رائے سے ہی بلائی جا سکتی ہے۔

کراچی کی صورت حال پر بلائے گئے اجلاس کے لئے منگل کو کراچی جائیں گے خصوصی اجلاس میں کراچی شہر میں امن وامان کی صورت حال کا جائزہ لیا جائیگا، دورہ کراچی کے دوران وزیر اعلی سندھ اور گورنر سندھ سے بھی بات ہو گی۔ انہوں نے کہا ایم کیو ایم کے گرفتار ہونے والے کارکنوں کی فہرست مانگ لی ہے،کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن ہو گا لیکن پورے شہرکو لپیٹ میں نہیں لائیں گے۔

کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے، آپریشن کے کپتان وزیر اعلی سندھ ہی ہونگے، آپریشن مخصوص پیرا میٹرز میں ہو گا، کراچی میں جو کرنے جا رہے ہیں عدلیہ اس میں ہماری مکمل معاونت کرے، اٹارنی جنرل کو واضح کر دیں گے وہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو مکمل سپورٹ دیں، جرائم پیشہ عناصر کی لسٹیں تیار ہیں۔

تمام جماعتوں کے سامنے رکھیں گے، سندھ حکومت وزیر اعلی چلا رہے ہیں،ہمیں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی ضرورت نہیں۔ وزیر داخلہ نے ایوان کو بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف منگل کو گورنر ہاوس کراچی میں اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے، ڈاکٹر فاروق ستار کو اس اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نہیں۔