کراچی میں سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز ختم کر دینگے

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

کراچی (جیوڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی کارکردگی صفر ہے، میدان سے اس لئے غائب ہے کیونکہ اس نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔کراچی ائیر پورٹ پر ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کا کوئی ووٹ بینک نہیں، 5 سال کچھ نہیں کیا اور اب بہانے تلاش کر رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کے پاس بیچنے کے لئے کچھ نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں اہم سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز ہیں۔ ہمارے کارکن بھی دہشتگردی کا شکار ہوئے ہیں۔ اقتدار میں آکر کراچی میں سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز ختم کر دینگے۔ کراچی سے ووٹ ملے یا نہ بھی ملے یہاں کے عوام کے لئے اپنی جان بھی نچھاور کر دیں گے۔

اقتدار میں آکر کراچی میں زیر زمین ٹرین سسٹم کا جال بچھا دیں گے۔ کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔ صحافی نے سوال کیا کہ آپ آرمی چیف کے بیان کو کس طرح دیکھتے ہیں جس پر میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ اس طرح ہی دیکھتا ہوں جس طرح آپ دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں وہ زبان استعمال نہیں کرونگا جو عمران خان کرتے ہیں۔ میں ان کی کسی بات پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔