کراچی بے امنی کیس کی سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کل ہو گی

Karachi Supreme Court

Karachi Supreme Court

کراچی (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے کراچی میں سابق وزرا کو غیر معمولی پروٹوکول دینے کے معاملے کو کراچی بے امنی کیس کے ساتھ منسلک کر دیا ہے۔ سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کل ہو گی۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں 5رکنی بینچ کرے گا۔ پروٹوکول کے مقدمے میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزیر اویس مظفر، سابق وزیر داخلہ رحمان ملک، چیف سیکریٹری، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، سیکریٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔

سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے اپنی حکومت کے آخری دنوں میں سابق وزرائے اعظم اور وزرا کے لیے تاحیات غیرمعمولی پروٹوکول کے احکامات دیے تھے جس پر چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لیا تھا۔ صوبائی وزیر بلدیات اویس مظفر کے خلاف زمینوں پر قبضے کے الزامات کے مقدمے کی سماعت بھی کل کی جائے گی۔