کراچی: 3 افراد ہلاک، ماڑی پور سے گینگ وار کے 8 ملزم گرفتار،اسلحہ برآمد

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں بے امنی جاری ہے ،رات سے اب تک فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں تین افراد جان کی بازی ہار گئی جبکہ ماڑی پور سے گینگ وار کے 8 ملزم گرفتار ہوئے ہیں جن سے اسلحہ برآمدہوا ہے۔ پولیس کے مطابق شاہ فیصل کالونی نمبر 3 میں مسلح افراد کی فائرنگ سے عمیر نامی شخص جاں بحق ہو گیا۔ اولڈ سٹی ایریا کے علاقے میں پرانا حاجی کیمپ کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی جسے اغوا کرنے کے بعد قتل کیا گیا۔

ادھر پاک کالونی کے علاقے سے بھی ایک شخص کی لاش ملی ہے۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے ماڑی پور کے قریب مواچھ گوٹھ اور 500 سو کوارٹر میں پولیس کے آپریشن میں 8 مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع پر پولیس نے بدھ کی صبح مواچھ گوٹھ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا۔

جس کے دوران ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ تاہم پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر ملزمان کو پکڑنے میں کامیاب ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے کلاشنکوف سمیت دیگر اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ تمام گرفتار ملزمان کا تعلق گینگ وار سے ہے۔