کراچی : پولیس کی کارروائی، کالعدم تحریک طالبان کا دہشت گرد ہلاک

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) منگھو پیر میں سی آئی ڈی پولیس کی کارروائی میں تحریک طالبان پاکستان کے حکیم اللہ محسود گروپ کا دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔ رینجرز اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چھپن ملزمان کو گرفتار کر کے دستی بم اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ کراچی میں جرائم پیسہ افراد کے خلاف آپریشن میں تیزی آتی جا رہی ہے۔

پولیس اور رینجرز نے منگھو پیر کے علاقے سلطان آباد میں تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا تو مسلح دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد زخمی ہوا جو ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا۔

انچارج سی آئی ڈی چودھری اسلم کے مطابق ہلاک دہشت گرد کی شناخت حضرت علی کے نام سے کر لی گئی۔ دہشت گرد کا تعلق تحریک طالبان پاکستان کے حکیم اللہ محسود گروپ سے تھا ادھر قائد آباد کے علاقے گلشن بونیر میں پولیس نے چھاپہ مار کر انتہائی مطلوب ملزم امجد اور شیر حکیم کو گرفتار کر کے دو دستی بم، دو ٹی ٹی پستول اور متعدد گولیاں برآمد کر لیں۔

جبکہ اورنگی ٹان دستی بم حملے میں ملوث چار ملزمان فاروق، ایاز، طاہر اور عظیم کو گرفتار کیا گیا۔ دوسری جانب رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے انتیس ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان سے ہینڈ گرنیڈ سمیت دیگر اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔