کراچی میں بھرتی 1322 پولیس اہلکاروں کو رواں ہفتے تقرر نامے جاری کیے جائیں گے

Karachi Police

Karachi Police

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی میں بھرتی 1322 پولیس اہلکاروں کو رواں ہفتے تقرر نامے جاری کیے جائیں گے۔

کراچی کے 8 اضلاع اور ٹریفک پولیس کیلئے 1322 پولیس اہلکاروں کی بھرتی کے تمام مراحل مکمل کرلیے گئے ہیں اور انہیں رواں ہفتے تقرر نامے جاری کیے جارہے ہیں۔

ڈی آئی جی ایڈمن کراچی ذوالفقار لاڑک نے بتایا کہ کراچی کے ضلع جنوبی، سٹی، وسطی، غربی، شرقی، کورنگی، ملیر، کیماڑی اور ٹریفک پولیس کیلئے لگ بھگ 1322 پولیس اہلکاروں کو رواں سال کے اوائل میں بھرتی کیا گیا تھا جن میں 100سے زائد خواتین بھی شامل ہیں۔

ڈی آئی جی کے مطابق بھرتی کے تمام مراحل سے گزرنے کے بعد 1322 پولیس اہلکاروں کو اہل قرار دیا گیا جبکہ ان میں سے 1100 اہلکاروں کے جمع کرائے گئے ڈومیسائلز اور دیگر تمام دستاویزات کی چھان بین بھی مکمل کرلی گئی ہے جس کے بعد انہیں تقرر نامے جاری کرنے کا سلسلہ رواں ہفتے شروع کیا جارہا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ایسے 200 سے زائد امیدواروں کو تقرر نامے نہیں دیے جا رہے ہیں جن کی دستاویزات کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

اس کے علاوہ تقرر نامے وصول کرنے والے پولیس اہلکاروں کو ان کے متعلق ڈسٹرکٹس میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔