کراچی : پولیس کا چھاپہ، فروخت کیلئے لائے گئے 4 راکٹ لانچر برآمد

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) پولیس نے اسلحہ کی دکان پر چھاپہ مار کر چار راکٹ لانچر برآمد کر لئے۔ تین ملزموں کو بھی گرفتار کر لیا گیا دیگر کارروائیوں میں ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں سمیت آٹھ افراد پکڑے گئے۔ رینجرز نے بھی بیالیس افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کر لیا۔ زمزمہ سے گرفتار ہونے والے افراد راکٹ لانچر دوسرے صوبے سے فروخت کیلئے لائے تھے۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے تین کو دھر لیا۔

دو فرار ہو گئے۔ ملزموں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا گیا ہے۔ پولیس نے دکان سیل کر دی۔ ایک ملازم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب موچکو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے4 مبینہ ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان سے ایک سیون ایم ایم رائفل اور تین ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے۔

ادھر رینجرز نے کورنگی پی اینڈ ٹی کالونی میں سیاسی جماعت کے دفتر پر چھاپہ مار کر علاقائی عہدیدار سمیت چار افراد کو حراست میں لے لیا۔ نارتھ کراچی، صدر رنچھوڑ لائن، گھاس منڈی اور سالار کمپانڈ میں کارروائی کے دوران آٹھ افراد پکڑے گئے۔ الکرم اسکوائر، اپسرا لیاقت آباد اور گلستان جوہر سے بھی تیس افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔