کراچی : وزیراعظم نواز شریف آج کراچی پہنچیں گے

Prime Minister Nawaz Sharif

Prime Minister Nawaz Sharif

کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔ وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد نواز شریف کا کراچی کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف اپنے دورہ کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دیں گے۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلی سید قائم علی شاہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ توقع ہے کہ دورہ کراچی میں وزیر اعظم کو شہر میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی جائے گی جبکہ وہ مختلف سیاسی شخصیات سے ملاقات بھی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کراچی کے علاوہ بلوچستان کے ساحلی شہر گڈانی بھی جائیں گے جہاں وہ شپ بریکنگ یارڈ کا دورہ کرینگے جبکہ وزیر اعظم کی جانب سے گڈانی میں توانائی کے حوالے سے منصوبے کا اعلان بھی متوقع ہے تاہم اب تک سرکاری سطح پر ان کے دورے کے بارے میں کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف جمعرات کو عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جائیں گے۔ ان کے ساتھ 53ارکان پر مشتمل وفد بھی سعودی عرب جائے گا۔