کراچی، رینجرز کا آپریشن، کالعدم تنظیم کے پانچ ارکان گرفتار، ٹارگٹ کلنگ میں دو ہلاک

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں رینجرز نے پختون آباد میں ٹارگٹڈ آپریشن میں کالعدم تنظیم کے پانچ ارکان کو حراست میں لے لیا، شاہ نواز کالونی سے مبینہ بھتہ خور کو گرفتار کر لیا گیا، لیاری میں رکن قومی اسمبلی شاہ جہاں بلوچ کے گھر پر چھاپہ مارا، دوسری جانب فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ کراچی میں منگھو پیر کے علاقے پختون آباد سے کالعدم تنظم کے پانچ اراکین کو حراست میں لے لیا گیا۔

رینجرز نے چھ ٹی ٹی، چار نائن ایم ایم اور نو رائفلز بھی برآمد کر لیں۔ لیاری میں پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے ایم این اے شاہ جہاں بلوچ کے گھر پر رینجرز نے چھاپا مارا اور ان کے گھر کی تلاشی لی۔ پولیس نے شاہ جہاں بلوچ کے اطراف کے قریبی گھروں میں بھی سرچ آپریشن کیا۔ ادھر پولیس نے خواجہ اجمیر نگری کے علاقے شاہ نواز کالونی میں چھاپہ مار کر مبینہ بھتہ خور محمد یونس کو گرفتار کر لیا۔

ملزم کے دو ساتھی رفیق عرف راجہ اور رانا افضل فرار ہو گئے۔ اتحاد ٹان سے سٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی گئیں۔ کلفٹن گذری میں سٹریٹ کرائمز میں ملوث تین ملزم پکڑ لئے گئے۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں منشیات اور جوئے کے اڈوں پر چھاپے مار کر سو ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ دوسری جانب کراچی میں پرتشدد واقعات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اورنگی ٹان کے بلاک ایک سے ایک شخص کی بوری بند لاش ملی ہے۔ اورنگی ٹان میں قذافی چوک کے قریب فائرنگ سے ایک شخص دم توڑ گیا، ابھی تک دونوں لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔