کراچی : تاوان کیلئے اغوا کی گئی تین سالہ بچی بازیاب، 3 ملزم ہلاک

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں حساس ادارے، سی پی ایل سی اور اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے اغوا کاروں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے کروڑوں روپے تاوان کے لئے اغوا کی گئی بچی کو بازیاب کروا لیا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 مبینہ اغوا کار ہلاک بھی ہو گئے۔ سی پی ایل سی چیف احمد چنائے کے مطابق 13 جولائی کو سائٹ ایریا کے علاقے میں واقع کلثوم بھائی ولیکا اسپتال کی رہائشی کالونی سے ڈاکٹر سنیل کی ساڑھے تین سالہ بیٹی ماہی کو گھر کے باورچی رانو نے تاوان کے لئے اغوا کر لیا تھا۔

جس کی رہائی کے لئے ابتدا میں والدین سے 10 کروڑ روپے تاوان مانگا گیا جس کے بعد آج بچی کی رہائی کے لئے 6 کروڑ روپے میں معاملہ طے ہوا،رقم لینے کے لئے ایک اغوا کار شارع فیصل پر کاشف سینٹر کے قریب پہنچا تو فائرنگ کا تبادلہ ہوا،جس میں ایک سی پی ایل اہلکار زخمی ہوا اور ایک مبینہ اغوا کار مارا گیا۔

جس کے بعد بچی کی بازیابی کے لئے نیلم کالونی میں آپریشن کیا گیا،جس کے دوران ہونے والی فائرنگ سے 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے اور 3 مبینہ اغوا کار مارے گئے، اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے ایس ایس پی نیاز کھوسو نے بتایا کہ مقابلے کے دوران 4 کلاشنکوف اور 4 پستول بھی ملی ہیں۔