کراچی میں 4 مبینہ مقابلے، 5 ملزمان ہلاک

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں میں اچانک تیزی آگئی، رینجرز اور پولیس نے چار مبینہ مقابلوں میں 5 ملزمان ہلاک کر دیئے۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق اطلاع ملنے پر بلدیہ ٹاؤن کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں چھاپہ مارا تاہم ملزمان نے فائرنگ کر دی، رینجرز کی جوابی فائرنگ سے 2 مبینہ دہشت گرد مارے گئے، ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد 29 جنوری کو رینجرز پر ہونے والے دھماکوں میں ملوث تھے۔

ادھر لیاری میں ایک مشترکہ آپریشن کے دوران گینگ وار کا ایک کارندہ ہلاک ہو گیا ہے۔ ملزم کی شناخت سمیر کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس ایس پی ملیر راوٴ انوار کے مطابق سہراب گوٹھ سپر ہائی وے پر مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک اور 2 فرار ہو گئے۔

ہلاک ملزم کی شناخت شاہ کلام کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ لانڈھی لیبر اسکوائر کے قریب ایک اور پولیس مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار ہونے والا ملزم دم توڑ گیا، جس کی شناخت صدیق کمانڈو کے نام سے ہوئی۔ ملزم قتل اور اغوا برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں ملوث بتایا گیا ہے۔