کراچی : فائرنگ، پرتشدد واقعات میں چار افراد جاں بحق، 42 ملزمان گرفتار

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں رینجرز اور پولیس نے کارروائیوں کے دوران مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران بیالیس ملزم گرفتار کر لئے، دوسری جانب سپر ہائی وے سے تین افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں، لانڈھی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

شہر قائد میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف رینجرز نے لانڈھی، رنچھوڑ لائن، پی آئی بی، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، ناتھا خان گوٹھ، لیاری اور اورنگی کے علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔چھاپوں کے دوران بارہ ملزموں کو گرفتار کر کے مختلف اقسام کے ہتھیار بھی برآمد کئے گئے۔

ویسٹ زون پولیس نے گذشتہ چوبیس گھنٹے میں اکیس ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کیں۔ ایسٹ زون پولیس نے بھی مختلف کارروائیوں میں انیس ملزموں کو حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب شہر میں ایک مرتبہ پھر لاشیں گرنے اور ملنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

سپر ہائی وے پر انصاری پل کے قریب تین افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملیں، پولیس کے مطابق تینوں کو اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

مرنے والوں کی عمریں تیس سے پینتس سال کے درمیان ہیں تاہم ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔ لانڈھی نمبر چھ چراغ ہوٹل کے قریب ایک شخص کو گولیاں مار کر موت کی نیند سلا دیا گیا۔

ادھر لیاری میں سلاٹر ہاؤس کے قریب دستی بم حملے میں ایک شخص گوہر رحمان زخمی ہو گیا۔