کراچی: فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) مومن آباد تھانہ اور اہلکار دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں۔ مومن آباد میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار اقبال اور حفیظ جاں بحق ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق دونوں اہلکار فوج سے ریٹائرمنٹ کے بعد حال ہی میں پولیس میں بھرتی ہوئے تھے۔ مومن آباد تھانے پر گزشتہ ہفتے دو بم حملے بھی کئے گئے تھے۔ لانڈھی کے علاقے مانسہرہ کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

اورنگی ٹاؤن گلشن توحید میں بھی ایک شخص کو قتل کر دیا گیا۔ کورنگی ٹاؤن کے علاقے عوامی کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ محمود آباد سے ایک شخص کی لاش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق لاش دو دن پرانی ہے۔

سچل گوٹھ سے بھی ایک خاتون کی لاش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کو تشدد کر کے قتل کیا گیا۔ ماڑی پور کے علاقے شادی کی ایک تقریب میں چار ڈاکوؤں نے شرکا سے لوٹ مار کر کے فرار ہونے والے تھے کہ پولیس پہنچ گئی ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم اسماعیل مارا گیا جبکہ ایک ملزم عمران گرفتار کر لیا گیا۔ دو ملزمان فرار ہو گئے۔ ملزمان سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد کر لیا۔