کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کریکر دھماکے، کوئی نقصان نہیں ہوا

Cracker Blast Karachi

Cracker Blast Karachi

کراچی (جیوڈیسک) ناگن چورنگی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ایک پکوان سینٹر کے قریب کریکر پھینک کر فرار ہو گئے۔ کریکر کے دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

دوسری جانب سے قیوم آباد پل کے اوپر سے ایک شاپنگ سینٹر کے قریب دو دیسی ساختہ کریکر پھینکے گئے۔ کریکر حملوں میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔

حیدر آباد کے علاقے کوہ نور چوک، حیدر چوک اور قاضی عبد القیوم روڈ پر موٹر سائیکل سواروں نے 5 پانچ کریکر پھینکے جو دھماکے سے پھٹ گئے۔

شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دادو میں پوسٹ آفس، تحصیل دار آفس، اسٹیشن روڈ، ریشم گلی اور پھاٹک اسٹاپ اور سرکٹ ہاؤس کے قریب 7 کریکر حملے کئے گئے، سرکٹ ہاؤس کے شیشے ٹوٹ گئے۔ خیر پور میں لقمان پھاٹک، خاکی شاہ پل اور سوک سینٹر میں چار کریکر پھٹے کوئی نقصان نہیں ہوا۔

لاڑکانہ شہر اور رانی پور کے مختلف علاقوں میں پانچ پانچ کریکر دھماکے کئے گئے۔ محراب پور میں گاؤں الہ ڈنو کے قریب ریلوے ٹریک پر کریکر دھماکا ہوا تاہم ٹریک کو نقصان نہیں ہوا۔ کوٹری، کنڈیارو، جام شورو، ٹھل اور ہالہ میں بھی کریکر دھماکے کئے گئے۔

پولیس کے مطابق ان دھماکوں کا مقصد کوئی نقصان نہیں بلکہ خوف و ہراس پھیلانا تھا۔ دوسری طرف جئے سندھ متحدہ محاذ نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے سندھ کی تقسیم سے متعلق بیان کے خلاف ہفتے کو ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔