کراچی میں ٹارگٹ کلرز پھر سر گرم، پانچ افراد کو قتل کر دیا گیا

Target Killers

Target Killers

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں ٹارگٹ کلرز پھر سرگرم ہو گئے، مختلف علاقوں میں پانچ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، دو لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

روشنیوں کا شہر ایک بار پھر دہشت کے اندھیروں کی زد میں ہے۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے کٹی پہاڑی کے قریب موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو افراد چل بسے۔ دونوں کی شناخت جعفر اور کاشف کے نام سے کی گئی ہے۔

عزیز آباد کے علاقے حسین آباد میں چھ افراد نے دکان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو ملازم جاں بحق ہو گئے۔ ادھر لانڈھی نمبر چھ میں فائرنگ سے بائیس سالہ فراز دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے باعث پیش آیا۔

دوسری جانب سرجانی سیکٹر فائیو سے نوسالہ بچی کی لاش ملی جس کی شناخت نہیں ہو سکی۔ بن قاسم ریلوے سٹیشن کے قریب سے بھی خاتون کی لاش برآمد ہوئی۔ فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں دو افراد زخمی بھی ہو گئے۔