کراچی : ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکے میں بچی سمیت سات افراد جاں بحق، 25 ملزم گرفتار

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے خالد بن ولید روڈ پر گھر میں ہونے والے دھماکے سے ایک بچی جاں بحق ہو گئی، پرانا گولیمار میں ریکسر پل کے قریب سے چھ افراد کی لاشیں ملی ہیں، دوسری طرف کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے ٹارگٹڈ چھاپے مار کر پچیس ملزموں کو گرفتار کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔

دھماکے، ٹارگٹ کلنگ، لوٹ مار، چھیا جھپٹی شہر قائد امن کو ترس گیا۔ پی ای سی ایچ ایس کے علاقے خالدبن ولید روڈ پر واقع ایک خالی بنگلے میں دھماکے سے ایک چھ سالہ بچی جاں بحق ہو گئی۔ پولیس کے مطابق دھماکا بنگلے کے لان میں رکھے گملے میں ہوا، جاں بحق ہونے والی بچی بنگلے کی حفاظت پر مامور چوکیدار کی بیٹی ہے۔

دوسری طرف پرانا گولیمار میں ریکسر پل کے قریب 17 سے 28 سال کے چھ افراد کی لاشیں ملی ہیں، مقتولین کا تعلق لیاری گینگ وار کے عز یر بلوچ گروپ سے ہے، مقتولین میں کالعدم امن کمیٹی کے سربراہ کا برادر نسبتی بھی شامل ہے، جسے ساجد کے نام سے شناخت کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ان افراد کو کسی اور مقام پر قتل کر کے یہاں پھینکا گیا۔ واقعہ بابا لاڈلہ گروپ کی جانب سے پاک کالونی پر قبضے کا نتیجہ ہے، تمام افراد کو گزشتہ رات اغوا کیا گیا تھا۔

لاشیں سول ہسپتال پہنچائی گئیں تو وہاں موجود لواحقین نے مشتعل ہو کر کوریج کرنے پر میڈیا کے نمائندوں کے علاوہ ہسپتال کے عملے کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ ادھر شہر میں رینجرز کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران آپریشن کے دوران پچیس ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ کورنگی سے پکڑے جانے والے دو افراد خرم عرف بابا بلتی اور اظہر حسین ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے، ملزموں کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔