کراچی : مختلف علاقوں سے 100 سے زائد مبینہ ملزمان گرفتار

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے چھاپا مار کارروائیوں کے دوران 100 سے زائد ملزمان کوگرفتارکرکے اسلحہ،منشیات اورمسروقہ سامان برآمد کر لیا۔ ملزمان منشیات فروشی، ڈکیتیوں، اسٹریٹ کرائم اور جرائم کی دیگر وارداتوں میں ملوث ہیں۔ پولیس کے مطابق لانڈھی اور کورنگی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائی کے دوران 70 ملزمان کو گرفتار کر لیا ، جبکہ زمان ٹاون اور چکرا گوٹھ سے9، عوامی کالونی سے 5 ملزمان کو حراست میں لے لیاگیا۔

ملیر سٹی سے 2 اور سعود آباد سے6 منشیات فروشوں کو گرفتارکرکے ہیروئین، چرس اورنقدی برآمدکرلی گئی، سولجر بازار کے علاقے سے 10 ملزمان کوحراست میں لیاگیا، ان میں 3 افغان باشندے بھی شامل ہیں،جن کے خلاف فارن ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں، جمشید کوارٹر تھانے کی پولیس نے 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ادھر شرافی گوٹھ کے علاقے سے 4 ملزمان اورگارڈن کے علاقوں ڈولی کھاتہ اور نبی بخش سے 8 ملزمان کو گرفتار کیاگیا۔ پکڑے گئے کئی ملزمان ڈکیتی، اسٹریٹ کرائمز، لوٹ مار، منشیات فروشی اور دیگر جرائم میں پولیس کو مطلوب تھے۔ ملزمان کیخلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے۔