کراچی : مختلف علاقوں چھاپے، سنگین جرائم میں ملوث پانچ ملزمان گرفتار

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کر کے ٹارگٹ کلنگ اور بھتا خوری سمیت دیگر سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔پولیس کے مطابق سمن آباد سے ایک مبینہ ٹارگٹ کلر سید رضا حیدر کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم سچل، تیموریہ، ناظم آباد، یوسف پلازہ اور جوہر آباد تھانوں کی حدود میں ٹارگٹ کلنگ کی چار وارداتوں سمیت گاڑیاں جلانے اور بلوے سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہے۔

نیو کراچی کے علاقے بلال کالونی سے ایک مبینہ ٹارگٹ کلرمنور علی عرف دہشی کو گرفتار کیا گیا جو سہراب گوٹھ تھانے کی حدود میں ٹارگٹ کلنگ کی دو وارداتوں جبکہ لینڈ گریبنگ اور پولیس مقابلوں میں ملوث ہے۔ بہادر آباد سے تین ملزمان نور خان، امجد خان اور ممتاز خان کو گرفتار کر لیا۔

حکام کے مطابق ملزم نور خان کے خلاف قتل، بھتا خوری، پولیس مقابلے اور ڈکیتیوں کے پانچ مقدمات امجد خان کے خلاف بھتا خوری، پولیس مقابلے، ڈکیتیوں اور انسداد دہشت گردی کے دو مقدمات جبکہ ممتاز خان کے خلاف، انسداد دہشت گردی، بھتا خوری، پولیس مقابلے اور ڈکیتیوں سمیت دیگر نوعیت کے تین مقدمات درج ہیں۔