اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان شہید برہان الدین وانی کو حریت پسند سمجھتا ہے اور جو ڈاک ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں، وہ ان ہی خیالات کے مظہر ہیں۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں لڑنے والے سارے کشمیری حریت پسند ہیں، وادی کے عوام بھارت کے جبر و استبداد کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل کشمیر کے لوگوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، بھارت کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، کشمیر اب بھارت کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کے اندرونی حالات سے متاثر نہیں ہوں گے، بھارت کا رویہ یہی رہا تو ہم جواب دینا جانتے ہیں، ملکی سلامتی پر پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہو گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازع کشمیر کا ہے، اس کے بغیر بھارت سے کوئی بات نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ایک طریقہ ہے کہ پاکستان اور بھارت کھلی جنگ لڑ لیں، دوسرا طریقہ یہ ہے ایک دوسرےکےملک میں گھس کرکمزورکریں، تیسرا طریقہ یہ ہےہم یک دوسرےکوآمادہ کریں، دونوں ممالک 70 سال سے لڑ رہے ہیں، مزید بھی لڑسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے کہ پاک-بھارت غریب عوام کو غربت کی لکیر سے اوپر لائیں۔
پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک ترقی نہیں کرتے ، خطے ترقی کرتے ہیں، سی ہیک سے اقتصادی ترقی آئے گی، پاکستان دو بڑی منڈیوں کے درمیان میں ہے، ایک طرف بھارت دوسری طرف روسی ریاستیں اور چین ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر آٹھ سے دس ارب ڈالر کمیشن لینے کا الزام لگ رہا ہے، بھارتی اشرافیہ چاہتی ہے وہاں کے لوگوں کا دھیان اسکینڈل سے ہٹائے۔