مقبوضہ کشمیر: قابض بھارتی فوج نے مزید 3 کشمیری شہید کر دیے

Indian Army in Kashmir

Indian Army in Kashmir

سری نگر (اصل میڈیا ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج نے ظلم اور بربریت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

کشمیری میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے ظلم و بربریت اور ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

کے ایم ایس کی رپورٹ کے مطابق قابض افواج نے ضلع شوپیاں میں محاصرے اور سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید 3 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے کلگام میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا تھا۔

بھارت نے 5 اگست 2019 کو راجیہ سبھا میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا بل پیش کرنے سے قبل ہی صدارتی حکم نامے کے ذریعے کشمیر کی خصوصی حیثیت دینے والے آئین کے آرٹیکل آرٹیکل 370 کو ختم کردیا اور ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کو وفاق کے زیرِ انتظام دو حصوں یعنی (UNION TERRITORIES) میں تقسیم کر دیا جس کے تحت پہلا حصہ لداخ جب کہ دوسرا جموں اور کشمیر پر مشتمل ہوگا۔

بھارت نے یہ دونوں بل لوک سبھا سے بھی بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کر الیے۔

بھارتی آئین کا آرٹیکل 370 مقبوضہ کشمیر میں خصوصی اختیارات سے متعلق ہے۔

آرٹیکل 370 ریاست مقبوضہ کشمیر کو اپنا آئین بنانے، اسے برقرار رکھنے، اپنا پرچم رکھنے اور دفاع، خارجہ و مواصلات کے علاوہ تمام معاملات میں آزادی دیتا تھا۔

بھارتی آئین کی جو دفعات و قوانین دیگر ریاستوں پر لاگو ہوتے ہیں وہ اس دفعہ کے تحت ریاست مقبوضہ کشمیر پر نافذ نہیں کیے جا سکتے تھے۔

بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کے تحت کسی بھی دوسری ریاست کا شہری مقبوضہ کشمیر کا شہری نہیں بن سکتا اور نہ ہی وادی میں جگہ خرید سکتا تھا۔