مقبوضہ کشمیر میں چیک پوسٹ پر حملہ، پاکستان نے بھارتی الزام مسترد کر دیا

Occupied Kashmir

Occupied Kashmir

راولپنڈی (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں چیک پوسٹ پر حملے میں 5 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے، بھارتی حکام نے کسی تحقیق کے بغیر حملے کا الزام پاکستان پر لگادیا۔ پاک فوج نے بھارتی الزام کی سختی سے تردید کردی ہے۔ غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق بھارتی وزارت دفاع کے ذرائع کا دعوی ہے کہ فوجی پوسٹ پر حملہ گزشتہ رات کیا گیا۔

بھارتی فوج کے افسروں کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوجیوں نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فوجی پوسٹ پر حملہ کیا جس میں پانچ بھارتی فوجی مارے گئے۔ دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بھارتی دعوں کی سختی سے تردید کی ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی سرحد پر فائرنگ کا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔بھارتی الزام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند دن پہلے ہی پاکستان نے امن مذاکرات کے لئے بھارت کو تاریخیں تجویز کی ہیں۔ ماضی میں بھی ہمیشہ ایسا ہوا کہ ہے جب بھی پاکستان اور بھارت کے تعلقات معمول پر آنے لگے تو بھارت میں کوئی نہ کوئی ایسا واقعہ رونما ہوگیا جس کے نتیجے میں امن عمل پٹڑی سے اتر گیا۔