کشمور ڈیرہ موڑ پر بگٹی مہاجرین کا دھرنا دوسری رات بھی جاری

Shah Zain Bugti

Shah Zain Bugti

کشمور ڈیرہ (جیوڈیسک) ڈیرہ بگٹی میں داخلے کی اجازت نہ ملنے پر بگٹی مہاجرین کا کشمور ڈیرہ موڑ پر دھرنا اتوار کی صبح سے جاری ہے، دھرنے کے باعث سیکڑوں گاڑیاں اور ہزاروں مسافر پھنس گئے ہیں۔

جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی کی قیادت میں بگٹی مہاجرین کا دھرنا اتوار کی صبح سے جاری ہے دھرنے میں خواتین اور بچے بھی شریک ہیں جو سخت سردی میں رات کو بھی کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔ کشمور اور ڈیرہ بگٹی کی ضلعی انتظامیہ نے اتوار کی رات احتجاج ختم کرانے کے لئے شاہ زین بگٹی سے مذاکرات بھی کیے جو ناکام رہے۔

بگٹی مہاجرین کا کہنا ہے کہ جب تک انہیں ڈیرہ بگٹی جانے کی اجازت نہیں دی جاتی دھرنا ختم نہیں ہوگا، آج رات نہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی رابطہ کیا گیا نہ حکومت کی جانب سے کوئی پیش رفت ہوئی۔ دوسری جانب دھرنے کے باعث سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے درمیان ٹریفک معطل ہے، قومی شاہراہ پر سیکڑوں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں، ہزاروں مسافر پریشان ہیں جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔

سخت سردی کی وجہ سے بچوں اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ قومی شاہراہ پر پھنسے مسافروں اور ڈرائیوروں نے شاہ زین بگٹی سے دھرنا ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔