خیرپور: پیر جو گوٹھ میں پولیس اہلکار کے گھر پر فائرنگ، 5 افراد جاں بحق

Khairpur

Khairpur

خیرپور (جیوڈیسک) خیرپور کے علاقے پیر جو گوٹھ کی کچی آبادی میں پولیس اہل کار کے گھر پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہل کاروں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق پیر جو گوٹھ کی کچی آبادی میں جمعرات کی شب مسلح افراد نے پولیس اہل کار امین چانڈیو کے گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے گھر میں موجود اے ایس آئی 40 سالہ امین چانڈیو، اس کے کزن 18 سالہ بلاول چانڈیو، 17 سالہ اویس چانڈیو اور 25 سالہ بھتیجا حاجی چان ڈیو موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو خواتین اور دو بچے زخمی ہوگئے۔

فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور مسلح افراد کا تعاقب کیا۔ اس دوران مسلح افراد نے پولیس پر فائرنگ کردی جس سے دو اہل کار زخمی ہوگئے، جن میں سے ایک اہل کار دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کو خیرپور کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اے ایس آئی امین چانڈیو جیکب آباد میں تعینات ہے اور چھٹیوں پر گھر آیا ہوا تھا اور ان کے خاندان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔ فنکشنل لیگ کے رہنما نجیب اللہ شاہ راشدی کا کہنا ہے کہ پیر جو گوٹھ اور ملحقہ علاقے بدامنی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ ڈاکووٴں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔