خواجہ آصف کے بیان کا مقصد اپوزیشن کو تقسیم کرنا تھا: آصف زرداری

Asif Zardari

Asif Zardari

راولپنڈی (اصل میڈیا ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف نے ان سے متعلق جو بیان دیا تھا اس کا مقصد اپوزیشن کو تقسیم کرنا تھا۔

راولپنڈی کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا جب ہم اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو اس طرح کے مقدمات بنتے رہتے ہیں، یہ مقدمات ہم نے دیکھے ہوئے ہیں۔

خواجہ آصف کی جانب سے اپنے خلاف دیے گئے بیان سے متعلق سوال پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے کسی کے کہنے پر بیان دیا ہو گا، مقصد اپوزیشن کو تقسیم کرنا تھا۔

نواز شریف کی ٹی وی پر تقریر پر پابندی کے حوالے سے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اب ٹی وی پر کسی کی تقریر روکنا کسی کے بس کی بات نہیں ہے، موبائل کی صورت میں لوگوں کے ہاتھوں میں اب ٹی وی ہے۔

صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ وفاقی حکومت کے لیے کتنا وقت دیکھ رہے ہیں؟ جس پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ابھی تو ہم نے بسم اللہ کی ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل خواجہ آصف کی جانب سے آصف زرداری سے متعلق بیان میں کہا گیا تھا کہ آصف زرداری پر تحفظات ہیں، ان پر یقین نہیں کر سکتے۔

اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی کی یہ پالیسی نہیں ہے۔

نواز شریف کے بیان کے بعد خواجہ آصف نے بھی وضاحت کی تھی کہ ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا، میرے بیان سے اگر آصف زرداری کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں اس پر معذرت چاہتا ہوں۔