خیبر کے پہاڑوں میں راستہ بھٹکنے والے 11 بچوں کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا

Khyber Mountains Rescue

Khyber Mountains Rescue

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) خیبر کی تحصیل جمرود کے پہاڑی سلسلے میں پکنک مناتے ہوئے راستہ بھٹک جانے والے گیارہ بچوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔

جمرودکے پہاڑی علاقےمیں11 بچے پکنک منانے گئے لیکن وہ راستہ بھول گئے جس کے بعد اندھیرا بڑھا اور کھانے پینے کی اشیا ختم ہونے لگیں تاہم بچوں نے اپنی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پراپ لوڈ اور گوگل لوکیشن شیئر کردی۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ ہونے کے بعد انتظامیہ کی ٹیمیں بچوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئیں اور بچوں کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔

ڈپٹی کمشنر منصور ارشد کےمطابق گو گل لوکیشن کی مدد سے تمام بچوں کو ریسکیو کرلیا گیا ہے اور اب تمام بچے محفوظ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو کھانا اور ضروری اشیاء بھی دی گئیں جبکہ تمام بچوں کو اسسٹنٹ کمشنر جمرود کے آفس منتقل کردیا گیا جہاں سے انہیں والدین کے حوالے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلعی انتظامیہ خیبر سےرابطہ کرتے ہوئے بچوں کو ڈھونڈنےکیلئےتمام وسائل،افرادی قوت بروئےکارلانےکی ہدایت کی تھی۔