شاہ زیب قتل کیس : شاہ رخ اور سراج تالپور کو سزائے موت سنادی گئی

Shah Rukh -Siraj Talpur

Shah Rukh -Siraj Talpur

کراچی (جیوڈیسک) کراچی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے شاہ زیب قتل کیس میں شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کو سزائے موت جبکہ سجاد تالپور اور غلام مرتضی لاشاری کوعمرقید کی سزا سنائی ہے۔ فیصلہ سننے کے بعد شاہ رخ جتوئی کے بھائی نے عدالت میں چیخ و پکار شروع کردی۔

اس موقع پر ملزمان کو پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ گذشتہ سماعت پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج غلام مصطفی میمن نے شاہ زیب قتل کیس میں مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کی جانب سے دائر کردہ عمر کے تعین کی درخواست کو میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر مسترد کرتے ہوئے مقدمہ کا فیصلہ آج تک کیلئے محفوظ کرلیا تھا۔

ملزم شاہ رخ جتوئی نے اپنے وکیل شوکت حیات کے توسط سے موقف اختیار کیا کہ اس کی عمر 18 سال سے کم ہے جبکہ میڈیکل رپورٹس دبا پر تیار کی گئی جس میں اسے بالغ قرار دیا گیا ہے، تاہم عدالت نے طرفین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر درخواست مسترد کردی تھی۔

20 سالہ شاہ زیب کو گزشتہ سال دسمبر میں اس کی بہن کے ولیمے کی رات قتل کیا گیا تھا، واقعے میں شاہ رخ جتوئی، نواب سراج علی تالپور، ان کے بھائی نواب سجاد علی تالپور اور ملازم غلام مرتضی لاشاری پر الزام عائد کرکے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا تھا جبکہ تین ملزمان مفرور ہیں جنہیں اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔ انسداد دہشت گردی کے قوانین کے تحت فیصلہ سات روز میں کیا جانا تھا لیکن مقدمے میں پیچیدگی کے باعث اس کی کارروائی 2 ماہ اور 20 دن میں مکمل کی گئی ہے۔