لاہور: انتخابی دھاندلی کیخلاف تحریک انصاف کے کارکنوں کا احتجاج

PTI

PTI

لاہور(جیوڈیسک) لاہور میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے این اے 125 میں دھاندلی کے خلاف ڈیفنس میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ن لیگ اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان جھڑپ ہو گئی۔ کارکوں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔لاہور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے125 میں مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق کامیاب ہو چکے ہیں لیکن تحریک انصاف کے کارکنوں کا الزام ہے کہ دھاندلی کی گئی ہے جس پر انہوں نے غازی چوک میں دھرنا دیکر شدید احتجاج کیا۔

اس موقع پر جیت کی خوشی منانے والے ن لیگ کے کارکن بھی پہنچ گئے پھر دونوں طرف سے ایک دوسرے کے خلاف نعروں سے بات بڑھ کر جھڑپوں تک پہنچ گئی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے پولیس نے لاٹھی چارج بھی کیا لیکن اس کے باجود مظاہرین گھروں کو جانے کو تیار نہیں۔ اس موقع پر ن لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نتائج تسلیم کرے۔

تحریک انصاف کے حامد خان نے مبینہ دھاندلی کے خلاف ریٹرنگ افسر کو درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے لاہور میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ڈیفنس کے ساتھ شوکت خانم کے باہر بھی احتجاج کیا اور الیکشن کمیشن سے اس دھاندلی کے خلاف ایکشن کا مطالبہ کیا ہے۔