لاہور: گنگا رام اسپتال میں شرابیوں نے مریضوں کی دوڑ لگوا دی

Ganga Ram Hospital

Ganga Ram Hospital

لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے گنگا رام اسپتال میں چار شرابیوں نے بم ، بم کا شور مچا کر مریضوں کی دوڑ لگوا دی۔ گارڈز نے شرابیوں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ لاہور کے گنگارام اسپتال میں اس وقت عجیب صورتحال پیدا ہوگئی۔ جب لوگوں نے دیکھا کہ چند لوگ بم بم کا شور مچا رہے ہیں اور مریض اور ان کے تیماردار جان بچانے کے لیے اسپتال سے باہر کی جانب دوڑ لگا رہے ہیں۔

لیکن وہاں تو کوئی بم تھا ہی نہیں۔ یہ تو شراب پیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے چار افراد تھے جو بم بم کا شور مچا رہے تھے تاکہ وہ افراتفری کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو سکیں۔ لیکن ان کی یہ کوشش کامیاب نہ ہو سکی اور اسپتال کے گارڈز نے چاروں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ طبی معائنے کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔