لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں کورونا ٹیسٹ کٹس کی شدید قلت

Corona Test - Lahore Hospitals

Corona Test – Lahore Hospitals

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں کورونا ٹیسٹ کی کٹس نایاب ہو گئیں۔ اسپتالوں کی انتظامیہ کی جانب سے محکمہ صحت کو خط بھیجا گیا جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد کے مقابلے میں انتہائی کم تعداد میں کورونا کٹس فراہم کی جارہی ہیں۔

جناح اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ 400 مریض کورونا ٹیسٹ کرانے آئے ہیں مگر ٹیسٹ کیلئے صرف 50 کٹس ملی ہیں۔

ایم ایس سروسز اسپتال انتظامیہ نے بھی یہی شکایت کی کہ کٹس آرہی ہیں لیکن مریضوں کی تعداد زیادہ اور کٹس کم ہیں۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر عبید کا کہنا ہے کہ میواسپتال میں بھی کورونا کٹس نہ ہونے کے برابر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز صرف 10 کٹس اسپتال میں موجود تھیں جس کے باعث مریض پریشان ہیں اور نجی لیب جانا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب مریضوں نے بھی ٹیسٹ نہ ہونے کی دشواری سے متعلق بتایا اور کہا کہ نجی لیبز سےکورونا ٹیسٹ رپورٹس چار چار دنوں بعد مل رہی ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھتے جارہے ہیں جس کے باعث اسپتالوں میں بیڈز، وینٹی لیٹرز اور کٹس کی قلت کا سامنا ہے۔