لاہور: مہنگائی کے ڈرون حملوں پر عوام کی چیخ و پکار کے باوجود ان پر بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے مزید ڈرون بم گرا دئیے گئے ہیں،چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الٰہی

لاہور : پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین، سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ مہنگائی کے ڈرون حملوں پر عوام کی چیخ و پکار کے باوجود ان پر بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے مزید ڈرون بم گرا دئیے گئے ہیں، سروسز اور ضروری استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کے جو نئے ریکارڈ قائم کیے جا رہے ہیں عوام پریشان ہیں کہ یہ سلسلہ کہاں رکے گا۔ دونوں رہنمائوں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث ہمارے ہمسایہ ملک بھارت اور امریکہ میں اقتصادی مشکلات کے باوجود پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔

جبکہ اس کے برعکس یہاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل ہماری کہی گئی بات درست ثابت ہو رہی ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں جس رفتار سے اضافہ ہو رہا ہے چند ماہ میں عوام بجلی کی کمی کا رونا چھوڑ کر اپنے میٹر کٹوا کر لالٹین کے دور میں واپس جائیں گے کیونکہ ان کیلئے مشکل ہو گا کہ بل دے کر وہ دو وقت کی روٹی بھی پوری کر سکیں لیکن یہ تو مٹی کے تیل کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ کر رہے ہیں اور غریبوں کیلئے لالٹین جلانا بھی مشکل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی اور پٹرول کی قیمتیں مسلسل بڑھانے سے ہر شعبہ میں اخراجات میں اضافہ کے باعث قیمتیں بھی مزید بڑھیں گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی ایک فرد یا جماعت کا نہیں 19 کروڑ عوام کا مسئلہ ہے اور عوام سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہو جائیں گے، ایسی پالیسیاں وضع کی جائیں کہ بجلی، تیل، گیس اور اشیائے صرف کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے دور نہ ہوں۔