لاہور : انٹرمیڈیٹ امتحانات کے سالانہ نتائج کا اعلان

Lahore Board

Lahore Board

لاہور (جیوڈیسک) لاہور بورڈ کے زیراہتما م انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا، کامیابی کا تناسب 61.15 فیصد رہا، پری میڈیکل گروپ میں جڑواں بھائیوں نے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔ لاہور بورڈ کے زیراہتمام انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں ایک لاکھ 32 ہزار 873 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، 81 ہزار 258 کامیاب قرار پائے، کامیابی کا تناسب 61.15 رہا۔

تعلیمی بورڈ لاہور کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق پری میڈیکل بوائز گروپ میں محمد علی عزیز اور احمد علی عزیز نے پہلی 2 پوزیشنیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا، محمد علی عزیزنے 1034 نمبروں کے ساتھ پہلی جبکہ احمد علی عزیز نے 1026 نمبر لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی۔الحمرا ہال میں ہونے والی تقریب میں رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے پوزیشن ہولڈر طلبہ اور طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ طلبا کی کامیابیوں میں والدین کا بڑا کردار ہوتا ہے، کل پشاور چرچ دھماکوں میں کئی والدین کے خواب منوں مٹی تلے دفن ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے 5 سال ضائع نہیں ہونے دیں گے، بجلی بحران پر سیاست کرنے کے بجائے اس پر قابو پائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی کے جن کو بوتل میں بند کر کے دم لیں گے، ہر قربانی دے کر کراچی کاامن بھی واپس لائیں گے۔