لاہور سے پانچ روز قبل لاپتہ ہونے والے بہن بھائیوں کا سراغ مل گیا

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے علاقہ نواں کوٹ سے پانچ روز قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے بہن بھائیوں کا سراغ مل گیا ہے، چار وں کمسن بہن بھائی والد کی مار سے تنگ آ کر اپنی بڑی بہن کے گھر چلے گئے تھے۔ نواں کوٹ سے پانچ روز قبل چار کمسن بہن بھائی کے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے پر اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا۔

پولیس نے تحقیقات کرتے ہوئے چاروں بچوں کو لکشی چوک کے علاقہ انکی بڑی بہن کے گھر سے برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق بچوں کے باپ اللہ دتہ نے ان کے اغوا کا شبہ دو خواتین پر ظاہر کیا تھا۔

بچوں نے برآمد ہونے کے بعد انکشاف کیا ہے کہ ان کا والد ان پر تشدد کرتا تھا جس سے تنگ آکر وہ اپنی بہن کے گھر چلے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچے اپنے والد کے گھر نہیں جانا چاہتے جس پر انہیں تحویل میں لے کر عدالت پیش کیا جائے گا۔