لاہور کی خبریں 25.08.2013

پولیس نے عدالت کے حکم پرمعروف تاجر کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرلیا
لاہور (پی پی سی) پولیس نے عدالت کے حکم پرمعروف تاجر کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرلیا۔تفصیل کے مطابق پولیس نے اچھرہ کے رہائشی منظوراحمد کی درخواست پرعدالت کے حکم پر فیروزپور روڈ کے معروف تاجر محبوب علی سرکی کیخلاف چوری کا مقدمہ درج کرکے قانونی کا رووائی شروع کردی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سیاسی کارکنوں پر لاٹھی چارج جمہوری رویے کی نفی ہے ،میاں کامران سیف
لاہور(پی پی سی)پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما و جوائینٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے کہا ہے کہتحریک انصاف کے کارکن پر مال روڈ پر ہونے والا لاٹھی چارج جمہوری رویے اور سوچ کی نفی ہے، جمہوری دور حکومت میں ریاستی طاقت کا استعمال افسوسناک ہے ،ن لیگ والوں کایہ دعویٰ ہے کہ وہ جمہوری اقدار کے فروغ اور استحکام کے لیے قربانیاں دیتے رہے ہیں مگر24اگست کے دن سیاسی کارکنوں کے ساتھ جو سلوک ہوا وہ ان دعوئوں کی نفی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سیاسی کارکنوں کی رہائی کا حکم دینے کا کریڈٹ لینے سے پہلے اس بات کا جواب دیں کہ کس کے حکم پر پولیس کے پرامن مظاہرین پر ہلہ بولا گیا؟ میاں کامران سیف نے کہاکہ جمہوریت تو یہ ہے کہ ہر تنقید کو برداشت اور صبر سے سنا جائے اور سیاسی طور پر اس کا جواب دیا جائے ،تشدد کی سیاست جمہوری رویوں کے خلاف ہے اس سے اجتناب برتا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہم وطن سیلاب زدگان کی بحالی ہماراقومی فرض ہے۔ ناصراقبال خان
لاہور (پی پی سی )ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی صدر محمد ناصر اقبال خان، سیکرٹری جنرل محمد رضا ایڈووکیٹ، صدرمدینہ سرفرازخان نیازی، نائب صدور پنجاب شیخ طلال امجد، احدحنیف، صدرکراچی یونس میمن، صدرچنیوٹ رانا شہزاد ٹیپو، صدر فیصل آباد چودھری ندیم مصطفی اورنائب صدر لاہور مہران اجمل خان نے کہا ہے کہ اپنے ہم وطن سیلاب زدگان کی بحالی اور آبادکاری ہمارا قومی فرض ہے۔ امدادی سرگرمیوں کی آڑمیں سیاست یا پوائنٹ سکورنگ کرنادرست نہیں، خدارامصیبت زدگان کو امدادی سامان کی فراہمی کے دوران تصاویرنہ بنائی جائیں۔ کسی کو غمزدہ خاندانوں کی عزت نفس مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ جوادارے شہریوں سے خوراک اور دوسرا امدادی سامان لے کر مصیبت زدگان کو دینے جاتے ہیں اور وہاں اپنے اپنے اداروں کے بینرز آویزاں کرتے ہیں انہیں ایسا کرنے کا کوئی حق نہیں پہنچتا۔ وہ ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ محمد ناصر اقبال خان نے مزید کہا کہ اس آفت اور امتحان کی گھڑی میں ہمیں ایک متحد اور منظم قوم کی حیثیت سے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی ضرورت ہے۔ استحکام پاکستان کیلئے قیام پاکستان والے جوش وجذبہ کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی مضبوط سے مضبوط حکومت بھی تنہا کئی ملین مصیبت زدگان کی بحالی اور آبادکاری میں کامیاب نہیں ہوسکتی لہٰذاء معاشرے کے مختلف طبقات بھی اپنا اپنا کردار ادا کریں، خدانخواستہ یہ آفت یا مصیبت ہم میں سے کسی پربھی آسکتی ہے۔ بے گھر اور بے یارو مددگار ہم وطن ہماری امداد، ہمدردی اورجذبہ ایثار کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی بروقت بحالی کیلئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے ورنہ موسمی اثرات کے نتیجہ میں خدانخواستہ ان کیلئے مزید دشواریاں پیدا ہوسکتی ہیں۔