لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

Lahore Rain

Lahore Rain

لاہور (جیوڈیسک) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش،گرمی کا زور ٹوٹ گیا، مون سون بارشوں سے گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ پنجاب سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ وسیع تر ہوتا جا رہا ہے۔

کئی شہروں میں بارش سے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ پنجاب اور خیبر پختون خوا میں ابر رحمت برسا تو انسانوں کے ساتھ جانوروں اور پرندوں نے بھی سکھ کا سانس لیا۔ دونوں صوبوں کے کئی شہروں میں مون سون بارشوں سے موسم بڑی حد تک خوش گوار ہو گیا ہے۔ دن میں بادلوں نے گجرانوالہ ، نارو وال ، میاں والی ، سوات اور شانگلہ میں ڈیرہ ڈالا۔ فیصل آباد میں بوندیں گریں تو ہر طرف بارش آئی بارش آئی کا شور مچ گیا۔ ملتان میں ہلکی بارش ہوئی تو جھنگ میں برسات کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلیں۔

سرگودھا میں تیز بارش نے ہر طرف جل تھل کر دیا۔ منڈی بہا الدین میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، چنیوٹ میں بھی باران رحمت نے لوگوں کو خوش کر دیا، مظفر گڑھ میں بھی بادل جم کر برسے، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور کم ہو گیا۔ مگر لوڈ شیڈنگ سے جان نہ چھوٹی۔

لاہور کے متعدد علاقوں میں گھنٹوں سے بجلی غائب ہو گئی۔ ادھر خیبر پختون خوا کے علاقے کرک میں بھی تیز بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختون خوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔