لاڑکانہ میں پی پی کو شکست، بلاول کا انتخاب کے نتائج چیلنج کرنے کا اعلان

Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

لاڑکانہ (اصل میڈیا ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پی ایس 11 لاڑکانہ کے ضمنی انتخاب کے نتائج چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔

گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 11 کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کو اپنے سیاسی گڑھ لاڑکانہ میں گرینڈ ڈیموکریٹ الائنس (جی ڈی اے) کے امیدوار کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ضمنی انتخاب میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے معظم عباسی نے 31557 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جب کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل سومرو 26021 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انتخاب کے نتائج چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ کا عمل جان بوجھ کرسست روی کا شکار کیا گیا، خواتین کے پولنگ اسٹیشنز میں تاخیر سے پولنگ شروع کرائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پی پی کے نامزد اُمیدوارکوپولنگ اسٹیشنزمیں داخل نہیں ہونےدیا گیا لیکن دباؤکے باوجود کارکنوں نے جدوجہد کی۔

بلاول بھٹوکا کہنا تھا کہ نیب نے پی پی ورکرزکو نوٹسز بھیج کر قبل ازانتخابات دھاندلی کی لہٰذا اس نشست پردوبارہ الیکشن کرائیں گے اور جیتیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے ضمنی انتخاب کے نتائج پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ شکایت کے باوجود الیکشن کمیشن نے کوئی نوٹس نہیں لیا، خاموشی سے ان کی بدنیتی ظاہر ہو گئی لیکن سچ چھپایا نہیں جاسکتا، اس سلیکشن کو بے نقاب کریں گے۔