آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ لڑیں گے: شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

بنوں (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیرِاعلیٰ چوہدری شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

پیرکو بنوں میں شمالی وزیرستان کے ایک قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کا یہ مشکل دور قبائلی علاقوں میں معاشی انقلاب کی بنیاد ثابت ہوگا۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے گورنر سردار مہتاب احمد خان بھی شہباز شریف کے دورہ بنوں کے موقع پر اُن کے ہمراہ تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے پر قابو پانے کے بعد ناصرف آئی ڈی پیز کی بحالی کے لیے کام کیا جائے گا بلکہ پنجاب حکومت وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر اس علاقے میں بہترین اسپتال، ووکیشنل ٹرینگ کے مراکز اور تعلیمی ادارے بھی قائم کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور شدت پسندوں کو اس بات کی گنجائش نہیں دی جائے گی کہ وہ شمالی وزیرستان کے معصوم عوام کی زندگیوں کو تباہ کریں۔

اس موقع پر شہباز شریف نے آئی ڈی پیز کی مالی معاونت کے لیے پچاس کروڑ روپے کا چیک بھی پیش کیا اور اعلان کیا کہ بے گھر ہونے والے ہر خاندان کو سات ہزارروپے ماہانہ بھی دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امداد اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک آئی ڈی پیز اپنے آبائی علاقوں میں واپس نہیں چلے جاتے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور وزیرستان کے لوگ ملک کی بقا کے لیے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں نے پورے ملک کو یرغمال بنانے کا ارادہ کر رکھا تھا، یہی وجہ ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان ایجنسی میں ایک فیصلہ کن آپریشن کا آغاز کیا۔

شہباز شریف نے پنجاب کے سرکاری ملازمین اور صوبائی اسمبلی میں حکمران جماعت کے اراکین کی ایک دن کی تنخواہ بھی آئی ڈی پیز کو دینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کےگورنر سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ فاٹا کے عوام کی قسمت میں تخریب نہیں تعمیر تھی۔

قبائیلی عوام اور فوج کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور بحالی کےعمل کو ادھورا نہیں چھوڑا جائے گا۔ گورنرخیبر پختونخوا نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر وفاقی حکومت پہلے ہی متاثرینِ آپریشن کو ریلیف فراہم کرنے اور اُن کی مشکلات کو کم سے کم کرنے کے لیے آٹھ ارب ڈالرز کی رقم جاری کر چکی ہے۔

شہباز شریف اور سردار مہتاب نے اس موقع پر آئی ڈی پیز میں راشن کے تھیلے اور نقد رقم بھی تقسیم کی۔ اس موقع پر میجر جنرل اختر، وزیراعظم کے مشیر انجینیئر امیر مقام ، خیبر پختونخوا کے وزیر شاہ فرمان، پنجاب کے وزیر رانا مشہود، پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے صوبائی صدر پیر صابر شاہ اور خیبر پختونخوا اور پنجاب کے چیف سیکریٹریوں سمیت دیگر سینیئر افسران بھی موجود تھے۔