آنجہانی شہزادی ڈیانا کی 52 ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے

Princess Diana

Princess Diana

کسی افسانوی داستان کی شہزادی سے بھی زیادہ شہرت پانے والی لیڈی ڈیانا کی باون ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے۔ خوبصورت ترین خاتون کا اعزاز حاصل کرنیوالی شہزادی کی مسکراہٹیں آج بھی لاکھوں دلوں میں بسی ہوئی ہیں۔ شہزادی ڈیانا یکم جولائی 1961 کو برطانیہ کے شاہی گھرانے میں پیدا ہوئیں وہ صرف 8 سال کی تھیں جب انکے والدین میں طلاق ہو گئی۔

شہزادی ڈیانا نے انیس سو ستتر میں سوئٹزر لینڈ کے ایک اسکول سے اپنی تعلیم مکمل کی۔ آنجہانی برطانوی شہزادی کو پیانو بجانے ، سوئمنگ اور بیلے ڈانسنگ کا جنون تھا۔ اکیس سال کی عمر میں انتیس جون انیس سو اکیاسی کو لیڈی ڈیانا کی شادی پرنس چارلس سے ہوئی۔

شادی کے بعد ان کے ہاں دو بیٹوں شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کی پیدائش ہوئی۔ دنیا کے اس مقبول ترین جوڑے میں سولہ سال بعد علیحدگی ہو گئی۔ چارلس سے علیحدگی کے بعد انہوں نے خود کو فلاحی کاموں کے لئے وقف کر دیا۔ لیڈی ڈیانا نے 1996 میں پاکستان کا دورہ کیا اور شوکت خانم اسپتال کے لیئے فنڈ ریزنگ میں بھی حصہ لیا۔

طلاق کے بعد ان کے ایک مصری ارب پتی اور پاکستانی ڈاکٹر کے ساتھ تعلقات کی خبروں کا بھی چرچا رہا۔ شہزادی ڈیانا سولہ سال قبل 31 اگست 1997 کو پیرس میں ایک کار حادثے میں دنیا سے رخصت ہو گئیں۔