قائد حزب اختلاف کا عہدہ پی پی کا حق ہے ، خورشید شاہ

Khurshid Shah

Khurshid Shah

پاکستان (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ قائد حزب اختلاف کے عہدے پر ان کا حق بنتا ہے کیونکہ ان کو54 اپوزیشن ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں مخدوم امین فہیم کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملک میں جمہوری اقدار کو مستحکم کرنے کی خواہاں ہے اس لئے ہم نے اپنا جمہوری کردار ادا کرتے ہوئے وزارت عظمی کیلئے مخدوم امین فہیم کو امید وار لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کیلئے 30 دن کا وقت ہوتا ہے ، جون میں بجٹ ہے اس لئے اپوزیشن لیڈر کے بغیر بجٹ کی منظوری بے معنی ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی میں سے اپوزیشن لیڈر وہی ہوگا جس کو زیادہ اپوزیشن ارکان کی حمایت حاصل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی مہذب اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی، نہوں نے کہا کہ آنے والی حکومت کیلئے بہت بڑا امتحان ہے کیونکہ مسائل کا ایک انبار ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ میاں نواز شریف ملک کو درپیش مسائل حل کریں۔