حکمران یاد رکھیں سابقہ حکمران جماعت کا سیاسی احتساب عوامی شعور کے ابتدائی دور کا کارنامہ ہے

کراچی : انتخابات میں عوامی کرداراور انتخابات کے بعد شکست خوردہ سیاسی جماعتوں کے احتجاج سے عوام کی لاتعلقی نے ثابت کردیا ہے کہ عوا م اب نعروں کے فریب میں آنے محض عدوں پر اعتبار کرنے اور دعووں پر تالیاں بجانے کیلئے تیار نہیں بلکہ وہ اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں اسلئے حکمران قوم سے جو بھی وعدہ کریں سوچ سمجھ کر کریں ۔

پھر وعدے کو مقررہ مدت میں عملی جامع پہناکر عوام کو ریلیف بھی فراہم کریں بصورت دیگر سابقہ حکومت و حکمران جماعت کا سیاسی احتساب عوامی شعور کے ابتدائی دور کا کارنامہ ہے جبکہ عوامی شعور ابھی بلوغت پذیر ہے ۔ نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن (این جی پی ایف )کے چیئرمین عمران چنگیزی سوشل ونگ کے چیئرمین محمد رئیس اور اقلیتی ونگ کی چیئرمین شری ہنس راجکمارمشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے مسلم لیگ (ن) کے ٹاسک فورس کے انرجی پلان کی منظوری اچھا اقدام ہے مگر اس پر کرپشن و کمیشن سے پاک عملدرآمداور اس کے نتیجے میں عوام کو ریلیف کی فراہمی بھی ضروری ہے کیونکہ عوام نے بجلی گیس کی مسلسل اور سنگین لوڈشیڈنگ’ مہنگائی بے روزگاری پاکستانی روپے کی ناقدری اور امن و امان کی بدترین صورتحال کی وجہ سے ہی حکمران جماعت کو احتساب کے ترازو سے گزارکر اقتدارسے باہر کردیا ہے۔

اسلئے اگر نئی حکومت صورتحال میں بہتری لانے عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور وطن عزیز کو مستحکم و خوشحال بنانے میں ناکام مگر ذاتی و گروہی خوشحالی میں مصروف کار رہی تو پھر شاید اس حکومت کی مدت بھی طویل نہیں ہوگی اور پاکستانی قوم ایکبار پھر فوج کو خوش آمدید کہنے پر مجبور ہوجائے گی۔