لبنان میں 9 ماہ سے جاری سیاسی بحران ختم، نجیب میقاتی وزیراعظم نامزد

Najib Mikati

Najib Mikati

بیروت (اصل میڈیا ڈیسک) لبنان میں دو بار وزیراعظم رہنے والے معروف بزنس مین نجیب میقاتی پارلیمنٹ سے وزارت عظمیٰ کے لیے حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان میں 9 ماہ سے جاری ڈیڈ لاک کے بعد پارلیمنٹ نے ملک کے نئے وزیراعظم کے لیے نجیب میقاتی کو نامزد کردیا ہے۔ نجیب میقاتی 2005 میں 2 ماہ کے لیے اور پھر 2011 سے 2014 تک ملک کے وزیراعظم رہے ہیں۔

سابق لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی کی 118 میں سے 73 ارکان نے حمایت کی اس سے قبل سابق وزیراعظم سعد الحریری نے بھی حکومت سازی کے لیے کافی کوششیں کی تھیں جو ناکام ثابت ہوئیں۔

لبنان میں سیاسی بحران کا آغاز گزشتہ برس اگست میں بیروت کی بندرگاہ میں رکھے امونیم نائٹریٹ کے 2 ہزار 700 ٹن ذخیرے میں ہونے والے دھماکے میں سیکڑوں جانوں کے نقصان پر عوامی مظاہروں سے ہوا تھا جس پر وزیراعظم حسن دیاب کو استعفیٰ دینا پڑ گیا تھا۔

حسن دیاب کے مستعفی ہونے کے بعد سے لبنان میں پیدا ہونے والے سیاسی بحران کے نتیجے میں کوئی بھی امیدوار پارلیمنٹ کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ نجیب میقاتی کے وزیر اعظم نامزد ہونے سے سیاسی بحران کے خاتمے کی امید پیدا ہوچلی ہے۔