ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ، پاک فوج کے نائب صوبیدار اور سپاہی شہید

Naib Subedar Qandiro - Soldier Ahsan

Naib Subedar Qandiro – Soldier Ahsan

راولپنڈی (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر فائر بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پاک فوج کے نائب صوبیدار قندیرو اور سپاہی احسان شہید ہو گئے، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کے صوبیدار سمیت 3 اہلکار ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ 36 گھنٹے کے دوران لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فوج کی جانب سے کی جانے والی بلا اشتعال فائرنگ کا پاک فوج بھرپورانداز میں جواب دے رہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ایل او سی کے حاجی پیر سیکٹرمیں پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کا ایک صوبیدار، 2 سپاہی ہلاک ہوگئے اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ ان کی چیک پوسٹ تباہ کر دی گئی۔

دوسری جانب دیوا سیکٹر میں دشمن سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے نائب صوبیدار قندیرو اور سپاہی احسان شہید ہو گئے، شہید ہونے والے نائب صوبیدار قندیرو پنوں عاقل کے گاؤں گنھ انور خاصخیلی جبکہ سپاہی محمد احسان جہلم کے علاقے پنڈ دادن خان کا رہائشی تھا۔