کراچی؛ روٹی تاخیر سے ملنے پرپولیس اہلکاروں کی ہوٹل میں توڑ پھوڑ اور ہوائی فائرنگ

Police

Police

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کورنگی میں پولیس گردی کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا، زمان ٹاؤن کے علاقے میں پولیس اہلکاروں نے روٹی تاخیر سے ملنے پر ہوٹل پر توڑ پھوڑ کی اور جھگڑے کے بعد ہوائی فائرنگ کر دی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

تفصیلات کے مطابق ہوٹل کے مالک اسماعیل نے تحریری شکایت زمان ٹاؤن تھانے میں جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ چوکی انچارج محمد خان اپنے دیگر ساتھی اہلکاروں کے ساتھ ہوٹل پر کھانا کھارہا تھا کہ اس دوران روٹی پہنچنے میں کچھ دیر ہوگئی جس پر وہ طیش میں آگیا اور ہوٹل کے عملے پر تشدد کیا۔

پولیس اہلکاروں کے خلاف درخواست میں مزید کہا گیا کہ پولیس اہلکاروں نے ہوٹل پر توڑ پھوڑ کی اور ہوائی فائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی۔

بعدازاں چوکی انچارج محمد خان اپنے دیگر ساتھی ہلکاروں کے ہمراہ ہوٹل پہنچا اور ہوٹل کے مالک اسماعیل سے اپنے عمل کی معافی مانگی لی۔