لندن: اپالو تھیٹر کی بالکنی کا ایک حصہ گر گیا، 88 افراد زخمی

London Apollo Theatre

London Apollo Theatre

لندن (جیوڈیسک) لندن میں اپالو تھیٹر کی بالکنی کا ایک حصہ گرنے سے 88 افراد زخمی ہو گئے، کئی زخمیوں کو ڈبل ڈیکر بسوں پر اسپتال پہنچایا گیا۔

لندن کے علاقے شافٹسبری میں واقع اپالو تھیٹر کا شمار لندن کے قدیم ترین تھیٹروں میں ہوتا ہے۔ یہاں 1901 سے ڈرامے پیش کیے جارہے ہیں اور ہر رات سیکڑوں افراد یہاں آتے ہیں۔

جمعرات کی شب بھی تھیٹر میں ”دی کیوریئس انسیڈنٹ آف دی ڈاگ ان دی نائٹ ٹائم“ ڈراما پیش کیا جارہا تھا کہ رات تقریباً سوا آٹھ بجے داخلی بالکنی کا ایک حصہ دھماکے سے نیچے آ گرا۔ حادثے کے وقت تھیٹر میں سات سو سے زائد افراد موجود تھے۔

بالکنی گرتے ہی ہر طرف دھول اور مٹی پھیل گئی اور افراتفری مچ گئی۔ لوگ جان بچانے کے لیے تھیٹر سے باہر کی طرف بھاگنے لگے۔ واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔

کئی زخمیوں کو ڈبل ڈیکر بسوں پر اسپتال پہنچایا گیا، بعد میں ایئر ایمبولین بھی لائی گئی۔پانچ زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے پہلے علاقے میں شدید بارش ہوئی تھی تاہم حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔