طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، عوام کا جینا محال

Load Sheting

Load Sheting

طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دو بھر کر رکھا ہے۔ ملک کے بیشتر شہروں میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ بجلی کا شارٹ فال چار ہزار دو سو پچاس میگا واٹ تک پہنچ گیا۔

پاکستان کے کئی شہر آج کل شدید گرمی کی زد میں ہے۔ وہیں لوڈ شیڈنگ نے بھی عوام کا جینا محال کر رکھا ہے۔ ملک کے بیشتر شہروں میں لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ بندش نے کاروباری حضرات کو بھی پریشان کر رکھا ہے۔ اس وقت بجلی کی مجموعی طلب سولہ ہزار چارسو میگا واٹ جبکہ پیداوار بارہ ہزار ایک سو پچاس میگاواٹ ہے۔ بجلی کے مارے عوام اپنا دکھڑا سنانے اور اپنے دل کی بھڑاس نکالنے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کر رہے ہیں۔

حویلی لکھا میں مین سپلائی لائن بند ہونے سے چار گرڈ اسٹیشنز میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ جس کے باعث شہر اور گرد و نواح میں بیس گھنٹے سے بجلی غائب ہے۔ بجلی کی عدم فراہمی سے علاقے میں پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے علاقہ مکینوں نے واپڈا کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بجلی کی جلد بحالی کا مطالبہ کیا۔ لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ کراچی، حیدر آباد ،سکھر اور میر پور خاص سمیت دیگر شہروں میں بھی بجلی کی طویل بندش جاری ہے۔