ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے شکیل عمر،سلیم تاجک اور فاروق سلیم کو معطل کر دیا

MQM

MQM

کراچی(جیوڈیسک)کراچی متحدہ قومی موومنٹ نے اپنی رابطہ کمیٹی کے اراکین شکیل عمراورسلیم تاجک کو تنظیم سے غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا ہے۔ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق رکن فاروق سلیم کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

رابطہ کمیٹی نے ایم کیو ایم کے ذمہ داران اور کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ معطل کیے گئے افراد سے کوئی رابطہ نہ رکھا جائے۔ رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ متحدہ کے قائد الطاف حسین ایم کیو ایم کو اس کی اصل نظریاتی اساس پر واپس لانے کے لیے مسلسل تطہیری عمل میں دن رات مصروف ہیں۔

الطاف حسین دن میں 21 سے 22 گھنٹے لگاتار کام کر رہے ہیں اور صرف 2,3گھنٹے ہی سوتے ہیں۔ رابطہ کمیٹی کے مطابق تطہیری عمل میں رابطہ کمیٹی کے اراکین کی مشاورت کا بھی مکمل عمل دخل ہے۔کل نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی سے فون پر بات کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا تھا کہ زمینوں اور مکانوں پر قبضے میں ملوث افراد کے لیے ایم کیو ایم میں کوئی گنجائش نہیں۔

پارٹی میں رہتے ہوئے کسی کو ٹھیکے داری کی اجازت نہیں۔الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پارٹی میں تطہیر کا عمل شروع ہوچکا ہے جومکمل تطہیر تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر سے لے کر ٹھیلے والے تک اگر کسی ذمہ دار یا کارکن نے کسی سے چندہ مانگا تو اسے تحریک کی بنیادی رکنیت سے خارج کر دیا جائے گا۔