ایم کیو ایم کی کراچی میں رینجرز اور پولیس محاصروں کی مذمت

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کے محاصروں، چھاپوں اورچھاپوں کے دوران گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے انھیں فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایک اعلامیے میں متحدہ کی رابطہ کمیٹی کا کہنا تھاکہ ایم کیوایم کراچی میں امن وامان کے قیام کیلئے کئے جانے والے ہر قسم کے اقدامات کی حمایت کر تی ہے لیکن گزشتہ چند دنوں سے کراچی میں غیر اعلانیہ ریاستی آپر یشن کا آغاز کر دیا گیاہے، جس کے دوران ایم کیوایم کے زیر اثر علاقوں کے محاصرے کرکے گھر گھر چھاپے مارے جارہے ہیں اور بیگناہ افراد کو گرفتار کرکے سرکاری عقوبت خانوں میں شدید تشدد کانشانہ بنایا جارہا ہے۔

رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ ملیر سعود آباد میں سیکیورٹی اہلکاروں نے معروف شاعرہ گلنار آفرین کے گھر پر چھاپہ مار کر ان کے دو جواں سال بھتیجوں کو گرفتار کر کے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

اور خواتین کو مغلظات وسنگین نتائج کی دھمکیاں دیں ۔ رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ ان کارروائیاں کا مقصد نہ صرف معصوم عوام کو ہراساں کرنا ہے بلکہ انہیں انتخابات سے بھی دور رکھنے کی کوشش ہے۔