مجلس وحدت مسلمین نے طالبان سے مذاکرات کی مخالفت کر دی

Nasir Abbas Jafri

Nasir Abbas Jafri

کراچی (جیوڈیسک) مجلس وحدت مسلمین نے طالبان سے مذاکرات کی مخالفت کی ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ کا سدباب نہ کیا گیا تو کوئٹہ کے رئیسانی کی طرح اسلام آباد کے رئیسانیوں کی حکومت کا بھی خاتمہ کرسکتے ہیں۔

نشتر پارک میں مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام عظمت ولایت کانفرنس میں ملک بھر سے آئے ہوئے علما کرام اورعوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مرکزی سیکریٹری جنرل راجا ناصر عباس جعفری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاک فوج سے سیاست کا خاتمہ کرکے سینئر ترین آفیسر کو پاک فوج کا سربراہ بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عزاداری پر پابندی عائد کرے گی تو سخت مزاحمت کریں گے۔

کانفرنس سے علامہ امین شہیدی اور علامہ حسن ظفر نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کرنا ملک اور آئین کے مخالفین سے مذاکرات کے مترادف ہوں گے۔ کانفرنس کے اختتام پر جشن غدیر کے خوالے سے آتش بازی بھی کی گئی۔ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے ایوانوں میں جانا چاہتے ہیں اس کے لئے سیاسی جدوجہد کا سلسلہ جاری رہے گا۔