کمانڈر یمن ائیرفورس، میجر جنرل راشد نصیر الجند کی سربراہی میں آج ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا

اسلام آباد: یمن فضائیہ کے ایک وفد نے کمانڈر یمن ائیرفورس، میجر جنرل راشد نصیر الجند کی سربراہی میں آج ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ائیر ہیڈ کوارٹرز میں یاد گارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔بعدازاں پرنسپل سٹاف آفیسر ز کا معزز مہمان سے تعارف کرایا گیا۔

بعد ازاںمعزز مہمان نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ سے انکے آفس میں ملاقات کی اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا۔معزز مہمان کو ائیر ہیڈ کوارٹرز میں ایک بریفنگ بھی دی گئی جس میں انہیں پاک فضائیہ کے تنظیمی ڈھانچہ اور پیشہ ورانہ کردار سے آگاہ کیا گیا۔

بعد ازاںیمن فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کی ائیر ڈیفنس کمانڈ کا دورہ کیا۔ انہیں ائیر ڈیفنس کمانڈ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور انہوں نے آپریشنل سنٹر کا معائنہ بھی کیا۔یمن فضائیہ کے سربراہ کی آمد پر ائیر وائس مارشل اعجاز محمود ملک ائیر آفیسر کمانڈنگ،ائیر ڈیفنس کمانڈ نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔