مولانا نعمت اللہ خان نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت سیف اللہ برادران کے گروپ میں شمولیت کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ہم خیال کے چئیرمین سلیم سیف اللہ خان نے سرائے گمبیلا اور تجوڑی لکی مروت میں مختلف شمولیتی جلسوں، جس میں جمیعت علما اسلام سے تعلق رکھنے والے مولانا نعمت اللہ خان نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت سیف اللہ برادران کے گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا، سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لکی مروت میں سیف اللہ برادران نے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں جو کسی نے بھی نہیں کروائے۔

اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی غلام الدین جابو خیل، مروت جرگے کے سربراہ حاجی محمد خان ایسک خیل اور دیگر عمائدین علاقہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے سابق وزیر اعلی خیبر پختونخواہ اکرم خان درانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اکرم خان درانی نے لکی مروت کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھا اور کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اکرم خان درانی نے کرم تنگی ڈیم پروجیکٹ کو بھی نافذنہیں ہونے دیا اور التوا کا شکار بنا یا جس کی وجہ سے تمام جنوبی اضلاع میں ترقی ممکن نہ ہوسکی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین کے پاس لکی مروت میں ہمارے خلاف کوئی نمائندہ ہی نہیں جو انتخابات سے پہلے ہی ان کی شکست کے مترادف ہیں اور یہی مخالفین جنوبی اضلاع اور خصوصی طور پر لکی مروت کی پسماندگی کے ذمہ دار ہیں۔